یو اے ای نے غیر ملکی ٹیچرز کے لیے “پرائیویٹ ٹیوشن لائسنس” متعارف کرا دیا
متحدہ عرب امارات نے غیر ملکی اساتذہ کے مطالبے پر نجی ٹیوشنز کو قانونی حیثیت دینے کے لیے “پرائیویٹ ٹیچر ورک پرمٹ” متعارف کرا دیا ہے.
رجسٹرڈ اساتذہ، پہلے سے ملازمت رکھنے والے، بے روزگار افراد، 15 سے 18 سال کی عمر کے اسکول کے طلباء اور یونیورسٹی کے شاگرد ان لوگوں میں شامل ہیں جو “پرائیویٹ ٹیچر ورک پرمٹ” کے لیے درخواست دے سکتے ہیں.
منسٹری آف ہیومن ریسورسز اینڈ ایمریٹائزیشن (MoHRE ) اور منسٹری آف ایجوکیشن (MoE) کی طرف سے مشترکہ طور پر شروع کیے گئے اس اجازت نامے (پرمٹ) کا مقصد غیر قانونی نجی ٹیوشنز کو روکنا ہے. متحدہ عرب امارات میں اس سے قبل نجی ٹیوشنز پر پابندی عائد تھی. خلاف ورزی کرنے والے اساتذہ کو بھاری جرمانے کیے جاتے تھے. اس بارے میں ہمارے قارئین کی جانب سے پوچھے گئے تمام سوالات کے جواب درج ذیل ہیں.
1. “پرائیویٹ ٹیچر ورک پرمٹ” کے لیے درخواست دینے کا طریقہ کار
اہل درخواست دہندگان منسٹری آف ہیومن ریسورسز اینڈ ایمریٹائزیشن (MoHRE ) کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے اجازت نامے کے لیے درخواست جمع کرا سکتے ہیں. اس منسٹری کی ویب سائٹ پر درخواست دہندگان کو مینیو بار میں ‘سروسز’ ٹیب کے تحت ‘پرائیویٹ ٹیچر ورک پرمٹ’ کا آپشن ملے گا. اس آپشن پر کلک کر کے درخواست جمع کرائی جا سکتی ہے.
2. کیا “پرائیویٹ ٹیچر ورک پرمٹ” مفت ہے اور کتنے عرصے کے لیے ہوتا ہے؟
اہل درخواست دہندگان اس پرمٹ یا اجازت نامے کو مفت حاصل کر سکتے ہیں. یہ اجازت نامہ دو سال کے لیے دیا جاتا ہے. یہ پرمٹ اساتذہ کو اس قابل بناتا ہے کہ وہ سکولوں سے باہر تعلیمی خدمات فراہم کر کے براہ راست آمدنی پیدا کریں.
“پرائیویٹ ٹیوشن لائسنس” یافتہ ٹیوٹرز اپنے آبائی ممالک سے بھی کام کر سکتے ہیں بشرطیکہ ان کے پاس ایک معقول رہائش ہو. یہ لائسنس آن لائن اور ذاتی طور پر ٹیوشن دونوں کا احاطہ کرتا ہے. علاوہ ازیں اس پرمٹ کے تحت طلباو طالبات کی تعداد پر کوئی حد بندی نہیں ہے. اساتذہ کے پاس 3 طلبا ہوں یا تین سو، منسٹری کو اس سے کوئی سروکار نہیں.
منسٹری آف ہیومن ریسورسز اینڈ ایمریٹائزیشن کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق “پرائیویٹ ٹیچر ورک پرمٹ” جاری ہونے میں ایک سے پانچ دن لگتے ہیں. درخواست مسترد ہونے پر درخواست گزار چھ ماہ بعد دوسری درخواست جمع کرا سکتا ہے.
3. “نجی ٹیوٹر لائسنس” حاصل کرنے کے لیے کن دستاویزات کی ضرورت ہے؟
قومیت اور سٹیٹس کے لحاظ سے دستاویزات مختلف ہو سکتی ہیں. اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ درخواست کون دے رہا ہے. مثلا ایک زیر تعلیم طالب علم اور ایک ٹیچر کی دستاویزات مختلف ہوں گی. تاہم مندرجہ ذیل دستاویزات کی آپ کو ضرورت ہو سکتی ہے.
متحدہ عرب امارات کی قابل قبول رہائش
پاسپورٹ / ایمریٹس آئی ڈی
دستخط شدہ اعلامیہ
کریکٹر سرٹیفکیٹ
آجر کی طرف سے عدم اعتراض کا سرٹیفکیٹ
سرپرست کی طرف سے عدم اعتراض کا سرٹیفکیٹ (ان طلباء کے لیے جو پرائیویٹ ٹیوشن پیش کرنا چاہتے ہیں)
تجربہ سرٹیفکیٹ (اگر کوئی ہے)
سفید پس منظر والی تصویر
4. “پرائیویٹ ٹیچر ورک پرمٹ” کیوں متعارف کرایا گیا ہے؟
وزارت تعلیم کے تعلیمی امور کے انڈر سیکرٹری ڈاکٹر محمد بن ابراہیم المعلا نے کہا کہ نیا نظام “تعلیمی عمل میں نظم و ضبط، معیار اور کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے طلباء اور والدین کے لیے لچکدار اختیارات فراہم کرتا ہے”.
انہوں نے مزید کہا کہ “پرائیویٹ ٹیوشن فراہم کرنے کے اہل افراد کے لیے اجازت نامے (پرمٹ) کا تعارف نجی اساتذہ کی بھرتی کے دوران غیر قانونی اور غیر منظم طریقوں کو روکنے میں مدد کرے گا”
اس حوالے سے قانونی فریم ورک قومی سطح پر نجی تعلیمی ضروریات کو منظم کرتا ہے اور نجی اساتذہ کے حقوق کا تحفظ کرتا ہے. انہوں نے پرائیویٹ ٹیوشن تلاش کرنے والوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ان تعلیمی خدمات کو حاصل کرنے کے لیے مجاز پیشہ ور افراد کی خدمات حاصل کریں.