اکتوبر 1793 میں فرانسیسی انقلاب کے بعد قائم ہونے والی نئی حکومت نے وقت کے نظام میں ایک انوکھا تجربہ کیا۔
فیصلہ کیا گیا کہ دن کو 24 کے بجائے 10 گھنٹوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ ہر گھنٹے میں 100 اعشاری (ڈیسیمل) منٹ اور ہر منٹ میں 100 اعشاری سیکنڈ ہوں گے، جبکہ ہفتہ 7 کے بجائے 10 دنوں پر مشتمل ہوگا۔
اس نئے نظام کے تحت فرانس میں اعشاری وقت رائج کرنے کا عمل شروع ہوا۔ ٹاؤن ہالز میں نئی گھڑیاں نصب کی گئیں اور سرکاری ریکارڈ بھی نئے کیلنڈر کے مطابق مرتب ہونے لگے۔
لیکن جلد ہی کئی مشکلات سامنے آگئیں۔ پرانی گھڑیوں کو نئے نظام کے مطابق تبدیل کرنا انتہائی دشوار ثابت ہوا۔ اس کے علاوہ فرانس کا وقت کا نظام پڑوسی ممالک سے مختلف ہوگیا، جس سے رابطوں اور معاملات میں مشکلات پیدا ہونے لگیں۔ دیہی آبادی بھی اس بات سے ناخوش تھی کہ اب انہیں ہر دسویں دن چھٹی ملتی تھی۔
بالآخر، یہ اعشاری وقت کا نظام صرف ایک سال کے قریب ہی چل سکا اور پھر اسے ختم کر دیا گیا۔