امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ’ایپل‘ نے آئی فون ایئر، آئی فون 17، ایئر پوڈز پرو 3 اور ایپل واچ کے تین نئے ماڈلز متعارف کروا دیے ہیں۔
ایپل کی جانب سے متعارف کروائے گئے آئی فون کے نئے ماڈلز میں سے سب سے زیادہ جس ماڈل نے لوگوں کی توجہ حاصل کی ہے وہ ’آئی فون ایئر‘ ہے جس کے بارے میں ایپل نے بتایا ہے کہ یہ اُن کا اب تک کا سب سے پتلا فون ہے۔
ایئر کے علاوہ آئی فون 17 اور آئی فون 17 پرو بھی متعارف کروائے گئے ہیں۔
ایپل کا نیا آئی فون ایئر محض 5.6 ملی میٹر موٹا ہے جو اسے ایپل کا اب تک کا سب سے سلم یعنی پتلا ماڈل ہے۔
ایپل نے اسے اب تک کا ’سب سے پائیدار آئی فون‘ قرار دیا ہے۔ اس میں اے 19 پرو (A-19 Pro) پروسیسر استعمال کیا گیا ہے جس کے بارے میں کمپنی کا کہنا ہے کہ اس پروسیسر میں ڈیوائس کی پتلی بیٹری کے مطابق بہترین کارکردگی کے لیے تبدیلیاں کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ آئی فون ایئر میں ایپل کی این 1 (N1) نیٹ ورکنگ چِپ اور سی ون ایکس (C1X) موڈیم لگی ہے۔
یہ ماڈل صرف ای سم (eSIM) سپورٹ کرتا ہے۔
آئی فون ایئر سپیس بلیک، کلاؤڈ وائٹ، لائٹ گولڈ اور سکائی بلیو کلرز میں دستیاب ہو گا۔
آئی فون 17 پانچ رنگوں میں دستیاب ہو گا اور اس میں 6.3 انچ کی سکرین نصب ہے۔ اس ڈیوائس میں 120 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ پرو موشن ڈسپلے دیا گیا ہے۔ اس سے پہلے یہ فیچر صرف آئی فون کے پرو ماڈلز میں دستیاب تھا۔
اس میں تھری نینو میٹر ٹیکنالوجی سے بنایا گیا جدید ترین اے 19 پراسیسر نصب ہے جو اسے مصنوعی ذہانت کے متعدد کام کرنے کے قابل بناتا ہے۔ ایپل نے اپنے نئے ماڈلز میں 128 جی بی سٹوریج کا آپشن ختم کر دیا ہے اور اس میں کم سے کم 256 جی بی سٹوریج آپشن دستیاب ہے۔
آئی فون 17 میں 48 میگا پکسل کا بیک کیمرہ اور ایک اپ گریڈ شدہ فرنٹ کیمرہ بھی شامل ہے۔ ایپل کی جانب سے متعارف کروایا گیا ’سینٹر سٹیج‘ فیچر فوٹو اورینٹیشن کو خود بخود ایڈجسٹ کرنے کے لیے اے آئی کا استعمال کرتا ہے۔