کیو آر کوڈز

31 اگست تک ریٹیل دکانوں پر راست کیو آر کوڈز آویزاں کرنا لازمی قرار

وزیراعظم کے مشیر سید توقیر علی شاہ کی جانب سے کابینہ ڈویژن کے سیکریٹری کامران علی افضل، پاور ڈویژن کے سیکریٹری ڈاکٹر محمد فخرِ عالم عرفان، پیٹرولیم و قدرتی وسائل ڈویژن کے سیکریٹری مومن آغا، چیف سیکریٹری پنجاب زاہد اختر زمان، چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ، چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ، چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان، چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا، چیف سیکریٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان، چیئرمین اوگرا مسرور خان، چیئرمین نیپرا وسیم مختار، اور چیف کمشنر اسلام آباد چوہدری محمد علی رندھاوا کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی حدود میں موجود تمام کاروباری مراکز کو 31 اگست 2025 تک ”راست کیو آر کوڈز“ حاصل کرنے اور نمایاں طور پر آویزاں کرنے کو یقینی بنائیں، تاکہ کیش لیس معیشت کے کامیاب نفاذ کو ممکن بنایا جا سکے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک بھر میں تمام ریٹیل اور کمرشل مراکز پر ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولیات جیسے راست کیو آر کوڈ، پی او ایس اور سافٹ پی او ایس کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے قومی حکمتِ عملی تیار کی ہے۔
چونکہ یہ اقدام کئی محکموں سے متعلق ہے اور مؤثر نفاذ کے لیے مضبوط ہم آہنگی درکار ہے، وزیراعظم آفس سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اس عمل کو تقویت دینے کے لیے فعال کردار ادا کرے۔
اسٹیٹ بینک نے تمام چیف سیکریٹریز، ریگولیٹری اداروں اور متعلقہ محکموں سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنی حدود میں موجود تمام کاروباری اداروں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کو قبول کرنے کا پابند بنائیں۔
اس اقدام کی نگرانی اور ہم آہنگی کے لیے وزیراعظم آفس نے ڈاکٹر شازیہ غنی (ٹیم لیڈ: اسپیشل پراجیکٹس اینڈ انیشیٹیوز) کو فوکل پرسن نامزد کیا ہے۔ تمام وزارتیں اُن اور اسٹیٹ بینک سے رابطہ رکھیں تاکہ بر وقت نفاذ اور عملی مسائل کے حل کو یقینی بنایا جا سکے۔

50% LikesVS
50% Dislikes
اپنا تبصرہ لکھیں