وائٹ ہاؤس نے آگاہ کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ رگوں کی دائمی بیماری میں مبتلا ہیں۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب صدر ٹرمپ کے ہاتھوں پر نیل پڑنے کی تصاویر منظرِ عام پر آئیں.
صدر ٹرمپ کو تشخیص ہونے والی یہ بیماری ’کرانک وینس انسفیشیئنسی‘ کہلاتی ہے۔ یہ بیماری اس وقت لاحق ہوتی ہے جب ٹانگوں کی رگیں خون کو دل تک واپس پہنچانے میں ناکام رہتی ہیں، جس کی وجہ سے خون جسم کے نچلے اعضا بالخصوص ٹانگوں میں جمع ہو جاتا ہے اور ٹانگیں سوج سکتی ہیں۔
کرانک وینس انسفیشیئنسی (CVI) ایک ایسی حالت ہے جس میں ٹانگوں کی رگوں کے والوز درست طریقے سے کام نہیں کرتے، جس کی وجہ سے خون دل کی طرف واپس جانے کے بجائے ٹانگوں میں جمع ہو جاتا ہے۔
انسانی جسم کی رگیں اور ان کے اندر موجود والو خون کو ٹانگوں سے دل کی طرف لے جانے میں مدد دیتے ہیں اور چونکہ یہ عمل کششِ ثقل کے مخالف سمت میں ہوتا ہے، اس لیے اسے مکمل کرنا مشکل ہو سکتا ہے اور اس کے لیے طاقت درکار ہوتی ہے۔
یہ حالت بعض اوقات سنگین بیماریوں سے منسلک ہو سکتی ہے، لیکن بذاتِ خود یہ کوئی خطرناک حالت نہیں اور عام طور پر عمر رسیدہ افراد میں پائی جاتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بیماری سے منسلک دیگر خطرات میں زائد وزن، خون جمنے کی ہسٹری، اور طویل وقت تک کھڑے رہنے والے افراد شامل ہیں۔ماہرین مریضوں کو رات کے وقت ٹانگیں بلند رکھ کر سونے کی بھی ہدایت دیتے ہیں۔
